15 جون 2009 - 19:30

جاں بحق ہونے والوں میں3پولیس اہلکار بھی شامل ہیں.

کوہاٹ میں تھانہ صدر کے بیرونی دروازے پر ہونے والے خود کش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں3پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔جائے وقوع پر امداد ی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبہ ہٹایا جارہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک سفید ڈبل کیبن گاڑی میں سوار خود کش حملہ آور نے بارودی مواد کے ساتھ تھانے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے سے تھانے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ کوہاٹ میں موجود ہر شخص کو ایسا محسوس ہوا کہ دھماکا اسکے علاقے میں ہوا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 12سے زائدافراد زخمی ہیں۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال کوہاٹ اور لیاقت اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو سیل کر دیا ہے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر جائے واردات کا معائنہ شروع کر دیا ہے۔ 

دریں اثناء کوہاٹ چھاؤنی کے علاقے تھانہ صدر پر خود کش حملے میں جاں بحق ہونے والے 8 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے ۔ پولیس کے مطابق خود کش حملہ آور نے اپنی گاڑی صدر تھانے کے داخلی دروازے سے ٹکرا دی تھی جس سے زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کوہاٹ اور لیاقت میموریل ہسپتال منتقل کر دیاگیا ۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 8 جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ان میں کانسٹیبل ڈرائیور خورشید ، کانسٹیبل محمد نور ،کانسٹیبل فیاض الحسنین اور سویلین افراد میں بصیر خان ، عبد الولی ، طارق ،ارشد علی ، طاہر رحمان جبکہ دو افراد کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ۔ زخمیوں میں اے ایس آئی منور خان ، اجمل ، حکمت اللہ محرر اور 8 سال کی ایک بچی شامل ہے ۔ پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ اس حملے میں 100 کلو گرام مواد استعمال کیا گیا ہے.